وزیراعلیٰ پنجاب کے ’’اپنی زمین اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت دو ہزار مستحق خاندانوں کے لیے مفت پلاٹس کی بیلٹنگ مکمل کر لی گئی۔ صوبے کے 19 اضلاع میں خوش نصیب افراد کو بلاکس اور پلاٹس نمبر الاٹ کر دیے گئے۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے جہلم اور قصور سے تعلق رکھنے والے مستحق افراد کو بذاتِ خود فون کر کے پلاٹ نمبر، سائز اور بلاک کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور انہیں مبارکباد دی۔ اس موقع پر خوش نصیب افراد نے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
حکام کے مطابق پلاٹس حاصل کرنے والے افراد ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ اسکیم کے تحت بلاسود قرض بھی حاصل کر سکیں گے تاکہ وہ اپنے گھر کی تعمیر مکمل کر سکیں۔
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ پروگرام کا مقصد بے گھر اور مستحق خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے ویران پڑی سرکاری ہاؤسنگ اسکیموں کی زمین کو کارآمد بنا کر مستحق خاندانوں کو پلاٹس کی صورت میں دیا جا رہا ہے تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنے گھروں کی تعمیر کر سکیں۔






















