پاکستان نے بنگلا دیش کے عوام اور نئی منتخب قیادت کو مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عام انتخابات جیتنے والی بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کےرہنما طارق رحمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تاریخی، برادرانہ اور ہمہ جہتی دوطرفہ تعلقات مضبوط تر بنانے کیلئے نئی حکومت سے قریبی تعاون اور مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بنگلا دیش میں انتخابات جنوبی ایشیا کے لیے ماضی کے مراحل سے آگے بڑھنے کا ایک موقع ہے،بی این پی کو قومی انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے اور اگلی حکومت بنانے کا مینڈیٹ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
بنگلا دیش کی خود مختاری اور جمہوری امنگوں کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا ،کہا نئی حکومت کےساتھ تجارت، دفاع، ثقافتی تبادلوں،علاقائی فورمزمیں تعاون مضبوط بنانے کیلئے کام کرنےکے منتظر ہیں۔ صدر ملکت نے کہا سارک سمیت علاقائی تعاون کو بھارت نے یرغمال بنا رکھا تھا جو 1985 میں بنگلادیش میں پیدا ہونے والے عظیم فورم کو مفلوج کر رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں بنگلادیش کےعوام کو انتخابات کے کامیاب اور پرامن انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا دونوں برادر ملک باہمی تعاون کے ذریعےجنوبی ایشیا میں امن واستحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف پرکام کریں گے، پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان بہتر تعلقات کے ثمرات عوام کو حاصل ہوں گے۔






















