لاہور میں تین روزکے دوران 9 لاکھ گاڑیو ں کی انٹری کا ریکارڈ بن گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ 3 روزہ بسنت فیسٹیول کے اختتام پر پتنگ بازی پر پابندی برقرار رہے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ نگرانی خصوصی ویڈیو لنک اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بسنت کی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق لاہورمیں 3روز کے دوران 9لاکھ گاڑیو ں کی انٹری ہوئی۔ اورنج لائن، میٹروبس، فیڈربس، الیکٹروبس اور دیگر سرکاری بسوں پر مسافروں نے ریکارڈ سفر کیا۔دو روز میں تقریبا 14 لاکھ مسافروں نے سفرکرکے نیا ریکارڈ بنا دیا۔
رپورٹ کے مطابق اورنج لائن میٹروٹرین پر جمعہ کو 2لاکھ 99 ہزار مسافرو نے مفت سفر کیا، ہفتے کو 3لاکھ 5ہزار، مجموعی طورپر 2روزمیں 6لاکھ سے زائد مسافروں نے مفت سفرکیا۔ میٹروبس پر جمعہ کوایک لاکھ 43ہزار، ہفتے کو ایک لاکھ 35ہزار مسافروں نے مفت سفر کیا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بسنت کے انتظامات اور سکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہارِ کیا، کہا3 روزہ بسنت فیسٹیول کے اختتام پر پتنگ بازی پر پابندی برقرار رہے گی۔ بسنت فیسٹیول کے دوران لاہور کے شہریوں کا تعاون بھی قابل تحسین ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں بسنت کا وقت صبح 5 بجے تک بڑھا دیا گیا، مریم نواز کا کہنا ہے کہ بسنت کا وقت بڑھانا لاہور کے عوام کےلیے انعام ہے، لاہوریوں نے ایس اوپیز کی ذمہ داری سے پابندی کی، شہری جشن بسنت محفوظ انداز میں جاری رکھیں، بسنت کو سب کیلئے خوشگوار، محفوظ اور یادگار بنائیں۔





















