جمعیت علماء اسلام نے حکومتی درخواست پر جمعہ کو ملک گیر احتجاجی مظاہرے موخر کرنے کا اعلان کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے مظاہرے ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل سے اسلام آباد میں ایران امریکا سمیت دنیا بھر سے مہمان آ رہے ہیں ، اس لیئے جمعہ کو مظاہرے موخر کیئے جارہے ہیں، کارکن 12 اپریل کو مردان جلسہ میں شرکت کریں، 12 اپریل کے جلسے میں آئندہ کےلائحہ عمل کا اعلان کیاجائےگا۔
کچھ دیر قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس دوران ملکی سیاسی صورتحال ، ایران امریکہ جنگ بندی کے معاملات پر بات چیت کی گئی ، وزیر داخلہ نے مولانا فضل الرحمان سے جمعہ کے روز احتجاجی مظاہرے ملتوی کرنے کی درخواست کی ۔
وزیر داخلہ سے قبل رانا ثناء اللہ اور طارق فضل چوہدری نے بھی مولانا فضل الرحمان سے بات چیت کی تھی ۔ملاقاتوں میں سربراہ جے یو آئی ایف نے پیٹرول کی قیمت کم کرنے کا مطالبہ حکومتی وفد کے سامنے رکھا جس پر وفد نے یقین دہانی کروائی کہ چند روز میں پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کی جائے گی ۔




















