مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان میں پارٹی کے اندرونی اختلافات ختم ہوگئے، تمام گروپس نے آئندہ انتخابات میں متحد ہو کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت اجلاس میں حافظ حفیظ الرحمان گروپ اور اکبر تابان، محمد انور گروپ کے درمیان اتفاق رائے ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک ہے اور نواز شریف کی قیادت میں متحد ہو کر الیکشن لڑے گی، پارٹی ٹکٹ میرٹ پر دیے جائیں گے اور اختلافات کا مکمل خاتمہ ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود کو گلگت بلتستان کی پارٹی ٹیم کا حصہ سمجھتے ہیں۔حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ ہم ایک صفحے پر ہیں اور نواز شریف کے وژن کے ساتھ آگے بڑھیں گے، جبکہ جنرل سیکرٹری اکبر تابان نے کہا کہ ہمارے دل صاف ہیں اور مکمل اتفاق اور اتحاد کے ساتھ ایک ہیں۔ اجلاس میں سابق وزیر محمد انور سمیت پارٹی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس سے پہلے انجینئر امیر مقام نے دونوں فریقین سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جبکہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر کی درخواست پر دونوں گروپس نے ایک دوسرے کو گلے لگا لیا۔





















