ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے ضلع اٹک کے شہر حسن ابدال میں واقع سکھوں کے مذہبی مقام گوردوارہ سری پنجہ صاحب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حاضری دی، خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کی اور سکھ برادری کے ساتھ لنگر بھی تناول کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔
پنجاب حکومت کے نمائندوں نے اس موقع پر بتایا کہ صوبے میں تاریخی مذہبی مقامات کی تزئین و آرائش اور بحالی کا عمل جاری ہے، جس کا مقصد مذہبی سیاحت کو فروغ دینا اور مقامی و غیر ملکی زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ہر سال بیساکھی سمیت مختلف مواقع پر ہزاروں سکھ یاتری پاکستان کا رخ کرتے ہیں۔
ورلڈ بینک کے صدر کی گوردوارہ پنجہ صاحب میں موجودگی کو پاکستان میں مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے تحفظ کے عزم کا عملی مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس طرح کے دورے نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر مذہبی سیاحت اور بین الاقوامی خیر سگالی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔






















