کراچی کے علاقے جوہر موڑ پر شاپنگ مال میں خوفناک آتشزدگی 11 افراد کی زندگیاں نگل گئی۔
تفصیلات کے مطابق صبح ساڑھے 6 بجے کراچی کے علاقے جوہر موڑ پر شاپنگ مال میں آگ لگ گئی۔ چھ فائر ٹینڈرز، دو اسنارکل اور واٹر باؤزر آگ بجھانے میں مصروف رہے۔ بلڈنگ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے لفٹ کے شیشے توڑے گئے۔ اسنارکل کے ذریعے بلڈنگ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جنریٹر میں لگنے والی آگ نے تین منزلوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ عمارت میں وینٹی لیشن نہ ہونے کے باعث دھواں بھرگیا۔ دم گھٹنے اور بھگدڑ سے کئی افراد کی حالت غیر ہوگئی۔ بعض افراد بھگدڑ کے باعث سیڑھیوں سے گر کر زخمی ہوئے زخمیوں اور لاشوں کو عباسی،سول اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق پانچویں منزل سے فوری طور پر 20 سے زائد افراد کو بلڈنگ سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، نگران وزیراعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد فخر عالم نے واقعہ کا نوٹس لیکر کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔