پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ریاض میں سعودی چیف آف جنرل سٹاف، لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی سے ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ کو رائل سعودی ایئر فورس کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، ملاقات میں دونوں ممالک کا مشترکہ تربیت اور آپریشنل تعاون بڑھانے، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوگیا۔
پاکستان سعودی دفاعی معاہدہ باہمی اعتماد اور برادرانہ تعلقات کی علامت قرار دیدیا گیا، سعودی قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کی تعریف کی۔
پاک فضائیہ میں اسپیس، سائبر، الیکٹرانک وار فیئر اور اے آئی صلاحیتوں کا انضمام، ملٹی ڈومین آپریشنز میں مشترکہ تعاون بڑھانے میں سعودی عرب کی قیادت نے گہری دلچسپی ظاہر کی۔ علاقائی امن واستحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔
سربراہ پاک فضائیہ کی کمانڈر رائل سعوی ایئر فورس لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر العزیز سے بھی ملاقات ہوئی، ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی ملٹی ڈومین فورس میں تبدیلی پر بریفنگ دی دی، اس موقع پر پاک سعودی اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔






















