چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے لیے پرعزم ہیں، پاک فوج پیشہ ورانہ مہارت اور قومی خدمت کی اقدار کو مزید تقویت دے رہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں فورس کی آپریشنل تیاری، تربیتی معیار اور جنگی استعداد بڑھانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دورے کے دوران تربیتی مشقوں، جدید ٹیکنالوجیز اور فوجی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے افسران اور جوانوں کے حوصلے اور کارکردگی کو سراہا۔
آرمی چیف نے جوانوں کیلئے اسپورٹس اور تفریحی سہولیات کا بھی معائنہ کیا،انہوں نے فوج میں جدت، لچک اور پیشہ ورانہ مہارت کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ فیلڈ مارشل نے جوانوں کی جسمانی فٹنس، ذہنی صحت اور مورال کو جنگی تیاری کا لازمی جزو قرار دیا۔
افسران سے خطاب میں چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان آرمی کی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے کسی بھی خطرے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی دہرائی۔ آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے لیے پرعزم ہیں، پاک فوج نظم، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی خدمت کی اقدار کو مزید تقویت دے رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈمارشل عاصم منیر نے سی ایم ایچ لاہور میں قائم جدید ہائی کیئرسینٹر کا بھی دورہ بھی کیا، فیلڈ مارشل نے سینٹر کے قیام میں انتظامیہ اور طبی عملے کی کاوشوں کو سراہا۔






















