وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چائینز کی سیکیورٹی کے لیے ہر سطح پر مضبوط اقدامات کیے ہیں، چینی شہریوں اور مشترکہ مفادات کے منصوبوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
بیجنگ میں چینی وزارت پبلک سیکیورٹی ہیڈ کوار آمد پر چینی وزیر داخلہ وانگ ژاو ہونگ نے وفد کے ہمراہ محسن نقوی کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی کی چینی ہم منصب وانگ ژاو ہونگ سے ساڑھے3 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاک چین دوطرفہ تعلقات،انسداد دہشت گردی سے متعلق مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، انسداد دہشتگردی،پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام، مشترکہ مفادات کےشعبوں میں اشتراک بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ چائینزکی سیکیورٹی کیلئے اسلام آباد میں خصوصی پروٹیکشن یونٹ بنا رہے ہیں، سائبر کرائمز کی روک تھام کیلئے چینی تعاون کا خیر مقدم کریں گے، نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی کی استعداد کاربڑھانےکیلئےچینی اداروں کی معاونت سےاستفادہ کرنا چاہتے ہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چینی اے آئی بیسڈ ٹیکنالوجی سے بہت مدد مل سکتی ہے، پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار اشتراک کا انمٹ رشتہ ہے اور کوئی اس میں دراڑ نہیں ڈال سکتا، سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے پائیدار تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔
ملاقات میں مشترکہ ورکنگ گروپ کی ہر3 ماہ بعد میٹنگ پراتفاق ہوگیا، وزرائے داخلہ کی سطح پر ہرسال ایک بارملاقات ہوگی، دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے کوآرڈینیشن بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
چینی وزیر داخلہ نے چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور محسن نقوی اورانکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا، چینی وزیر داخلہ نے انسداد دہشت گردی اور داخلی سیکیورٹی سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
چینی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی اور جرائم کیخلاف مشترکہ و فوری ردعمل کا نظام مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا، پولیس کی استعداد بڑھانے کے لیے ٹریننگ ایکسچینج پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے پر بھی اتفاق ہوگیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔



















