وفاقی وزیر مواصلات اور صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ این ایچ اے بلوچستان میں پاکستان ایکسپریس وے تعمیر کر رہا ہے، کراچی، کوئٹہ، چمن کو ملانے والی طویل شاہراہ 2 سال میں مکمل ہو گی۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کی ملاقات ہوئی۔ دونوں شخصیات کے مابین باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور موجودہ ملکی و سیاسی صورت حال پر گفتگو ہوئی ۔ بلوچستان میں نئی شاہراہوں کی تعمیر اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا این ایچ اے بلوچستان میں پاکستان ایکسپریس وے تعمیر کر رہا ہے ۔ کراچی ، کوئٹہ ، چمن کو ملانے والی آٹھ سو تیرہ کلومیٹر طویل یہ شاہراہ دو سال میں مکمل ہو گی ۔ بلوچستان میں شاہراہوں کو اپ گریڈ کرنا این ایچ اے کی اولین ترجیح ہے ۔ سیکیورٹی ایشوز کے باوجود بلوچستان میں این ایچ اے پوری طرح سرگرم ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستان ایکسپریس وے بلوچستان کے لئے عالمی معیار کی شاہراہ ہو گی ۔ این ٹونٹی فائیو کی بہترین تعمیر یقینی بنائیں گے ۔ گورنر بلوچستان نے صوبے میں مختلف شاہراہوں پر ہونے والے کاموں کی نشاندہی کی۔



















