وزیراعظم شہباز شریف سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ملاقات۔ پارلیمانی امور، تحریک انصاف سے مذاکرات، اپوزیشن لیڈر کی تقرری اور اسپیکر کے حالیہ دورہ بنگلا دیش پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ایاز صادق نے وزیراعظم کو بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ہونے والی مختصر اور غیر رسمی ملاقات سے بھی آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر نے وزیراعظم کو بتایا کہ ان کا بنگلا دیش کا دورہ سفارتی لحاظ سے انتہائی مثبت اور کارآمد رہا۔ ایاز صادق نے وزیراعظم کو بتایا کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود ان کی نشست پر آئے۔ مصافحہ کیا اور اپنا تعارف کروایا۔
ایاز صادق نے بتایا کہ ملاقات محض چند سیکنڈ پر مشتمل تھی اور اس دوران انہوں نے انتہائی محتاط رویہ اختیار کیا۔ اسپیکر نے یہ بھی بتایا کہ جے شنکر پوری منصوبہ بندی کے ساتھ ملاقات کے لیے آئے تھے جو ان کے لیے حیران کن تھا۔
ایاز صادق نے بنگلا دیشی قیادت، چیف ایڈوائزر، مشیروں اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کے خاندان کے اراکین سے ملاقاتوں پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش میں عوام کی جانب سے پرتپاک اور مثبت استقبال کیا گیا۔
وزیراعظم نے اسپیکر کو کامیاب اور مثبت دورے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مستحکم کرے گا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ کو ناگزیر قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر ایاز صادق نے وزیراعظم کے سامنے اپوزیشن سے مذاکرات کے حوالے سے اپنے مؤقف کا بھی اعادہ کیا۔




















