وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی شراکت داری نئے مرحلے میں داخل ہوچکی۔ پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں چینی کیپیٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈ جاری کرے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے چائنا گلوبل ٹیلی وژن نیٹ ورک کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان پانڈا بانڈ کے اجرا کے لیے تیار ہے۔ اس سے پاکستان کو دنیا کی دوسری سب سے بڑی کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی ملے گی۔ امریکی ڈالر پر انحصار کم اور یورو و سکوک مارکیٹس سے فنانسنگ ذرائع متنوع بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات مسلسل مضبوط، مستحکم اور متنوع ہو رہے ہیں۔ دو طرفہ تعلقات وسیع، مارکیٹ پر مبنی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ وزیر خزانہ نے چین کو پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار قرار دیا۔ کہا رواں سال کے آٹھ ماہ میں تجارتی حجم 17 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں چین بالخصوص سی پیک کا نہایت اہم کردار رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں توانائی،سڑکوں، بندرگاہوں، ہوائی اڈوں سمیت بنیادی انفراسٹرکچر پر توجہ تھی۔ چینی صدر اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقاتوں کے بعد سی پیک کا دوسرا مرحلہ باقاعدہ شروع ہوچکا ہے۔ زراعت، معدنیات و کان کنی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت میں چینی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔ دونوں ممالک نہ صرف جغرافیائی و سیاسی ترجیحات بلکہ طویل مدتی اقتصادی ایجنڈے پر متفق ہیں۔



















