خوبصورت اور دلکش لوکیشن پارک ویو سٹی اسلام آباد میں منعقدہ تین روزہ کارنیول فیسٹیول عوام کی بھرپور توجہ کا مرکز بن گیا۔ فیملیز، نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد میلے میں شریک ہوئی اور رنگا رنگ تفریح سے خوب لطف اندوز ہوئی۔
کارنیول کے دوران ڈاؤن ٹاؤن میں ڈانسنگ فاؤنٹینز کی جل ترنگ کے ساتھ جشن کا سماں بندھا رہا، جبکہ روایتی لذیذ کھانوں اور ہر دلعزیز ذائقوں کی بہار نے عوام کا رش بڑھا دیا۔ جڑواں شہروں سمیت دور دراز علاقوں سے آنے والے شہری خوشیوں سے نہال نظر آئے۔
میلے میں عوامی تفریح کے لیے ایک نیا اور منفرد انداز متعارف کرایا گیا، جہاں پیرا موٹر ایڈونچر نے خاص توجہ حاصل کی۔ فضاؤں میں بلند پرواز اور بل کھاتی اڑان کے دوران خوف، حیرت اور خوشی کا ملا جلا احساس شہریوں کو خوب بھایا۔ پیرا موٹر سے پارک ویو سٹی کے حسن اور دلکشی کے فضائی مناظر نے شرکا کو مسحور کر دیا۔
پیرا موٹر کا لطف اٹھانے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ ابتدا میں کچھ گھبراہٹ ضرور محسوس ہوئی، مگر بلندی پر پہنچ کر نیچے کا نظارہ نہایت دلکش تھا، جہاں گاڑیاں اور عمارتیں کھلونوں کی طرح دکھائی دیتی ہیں۔ شہریوں کے مطابق یہ ایڈونچر لورز کے لیے اسلام آباد میں ایک شاندار موقع ہے، کیونکہ فضا سے شہر کی خوبصورتی کئی گنا بڑھ کر سامنے آتی ہے۔
کارنیول فیسٹیول نے نہ صرف عوام کو تفریح فراہم کی بلکہ شہریوں کے لیے خوشیوں اور یادگار لمحات کا سبب بھی بنا۔






















