وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے بسنت کے حوالے سے ویڈیوبیان میں کہاہےصرف 3 دن کیلئے لاہورمیں بسنت منانے کی اجازت ہوگی، مینوفیکچرز کواجازت دیدی گئی ہے وہ ڈورتیار کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق عظمیٰ بخاری کا کہناتھا کہ گڈوں کا سائز مقرر کر دیا گیا، بڑے سائز کی پتنگ تیار نہیں ہوگی، خاص پوائنٹس پر پتنگ اور ڈور ملے گی ہرجگہ نہیں ملے گی، ٹریفک اور ٹرانسپورٹ والوں سے پلان مانگا گیا ہے، 3دن کے دوران کچھ علاقوں میں موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
عظمی بخاری کا کہناتھا کہ بسنت ایک فیسٹیول ہے جس کو فیسٹیول کی طرح منانا ہے، تعطیل کا فیصلہ بھی جلد ہوجائے گا، جو لوگ رولز پر عمل نہیں کریں گےان کیلئے بہت سخت سزا ہے، اگرکوئی بچہ پتنگ اڑائے گا تو اس کے والدین کوجواب دینا پڑے گا، پانچ سال سزا اور دس لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، دعا ہے کہ ایس او پیز کے ساتھ خیر خیریت سے بسنت منالیں، پھر کوشش ہوگی اگلے سال پورے پنجاب میں بسنت منائیں۔
یاد رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے لاہور میں بسنت کیلئے 6، 7، اور 8 فروری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جس کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں۔






















