سماء ٹی وی کی 18ویں سالگرہ کے موقع پر لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں سیاسی، سماجی شخصیات، صحافی برادری اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی اور سماء کے 18 سالہ کامیاب صحافتی سفر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیصل آباد بیورو آفس
فیصل آباد میں سماء ٹی وی کی سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللہ نے بیورو چیف خرم شہزاد اور سماء کے اسٹاف کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر رانا ثنااللہ نے سماء ٹی وی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سماء نے ہر موقع پر درست، بروقت اور مستند خبریں عوام تک پہنچائیں۔
انہوں نے چیئرمین عبدالعلیم خان اور پوری سماء ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سماء میں حالیہ عرصے کے دوران نمایاں ترقی اور جدت آئی ہے، ملک کے نامور اور بڑے صحافی سماء پر پروگرامز کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید، یقین اور دعا ہے کہ سماء ٹی وی اپنی بہترین سروسز جاری رکھے گا اور عوام کو باخبر رکھنے میں اپنا قومی کردار ادا کرتا رہے گا۔
ڈسکہ بیورو آفس
ڈسکہ میں بھی سماء ٹی وی کی 18ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں صحافی برادری اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء نے سماء ٹی وی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سماء نے ہمیشہ حق، سچ اور عوامی مسائل کو ترجیح دی۔ شرکاء کے مطابق جنگِ بنیان المرصوص اور سیلابی صورتحال میں سماء کی لمحہ بہ لمحہ کوریج نے ناظرین کے دل جیت لیے۔
پشاور بیورو آفس
اسی طرح پشاور بیورو میں بھی سماء ٹی وی کی سالگرہ جوش و خروش سے منائی گئی۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سماء ٹی وی کی 18ویں سالگرہ پر انتظامیہ اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کی۔ رپورٹر شہاب الرحمان سے خصوصی گفتگو میں گورنر کے پی نے کہا کہ انتہائی کم وقت میں سماء نے نیوز کے شعبے میں ایک اہم مقام حاصل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سماء کی رپورٹنگ متوازن ہے اور یہ حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کو بھی مؤقف پیش کرنے کا موقع دیتا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے پشاور بیورو اور ہیڈ آفس کے تمام اسٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ ایک بار پھر سماء کی سالگرہ میں شریک ہوئے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ 18 سال کا سفر اگرچہ بہت طویل نہیں، لیکن سماء نے مختصر وقت میں بڑا نام بنایا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر میں سماء کے ناظرین کو بھی مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ سماء ٹی وی چینل قائم و دائم رہے۔
اسلام آباد بیورو آفس
اسلام آباد کے بیورو آفس میں کیک کاٹنے کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ سالگرہ پر سماء کو مبارکباد دیتاہوں، سماء کے سفر میں ہر گزرتے سال کے ساتھ بہتری آئی ہے، سماء کی پوری ٹیم اچھی ہے، عوامی مسائل اُجاگر کرنے میں سماء پیش پیش رہتاہے، سیاستدان کو ایک دوسرے پر تنقید کرنی چاہیے، دفاعی اداروں پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔
عطاتارڑ کا کہناتھا کہ پی آئی اے کی نجکاری پر بلاوجہ تنقید کی جا رہی ہے، مفتاح اسماعیل نے بڑا دل کر کے تعریف کی، ہمارے یہاں کھوکھلے نعروں کا ٹرینڈ بڑھ گیا ہے، آج نوازشریف کی بھی سالگرہ ہے،سماء آگے بڑھ رہاہے، مشکل حالات میں بھی سماءکی گروتھ نہیں رُکی۔
سماء ٹی وی کے 18 سال مکمل ہونے پر ملک بھر کے مختلف بیورو آفسز میں تقاریب منعقد ہوئیں، معزز مہمانوں نے شرکت کی، کیک کاٹے گئے اور سماء کے کامیاب صحافتی سفر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔






















