ملکی تبادلہ مارکیٹوں میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قیمت میں 13 پیسے کمی ہوگئی، جس سے انٹربینک میں ڈالر 285 کا ہوگیا جبکہ انٹربینک کے زیراثر اوپن مارکیٹ مین بھی ڈالر کی قدر میں کمی رجحان ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 25 پیسے کی کمی کے بعد 286 روپے 75 پیسے پر ٹریڈ کررہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کئی ہفتوں سے اضافے کا رجحان رہا تاہم گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر مجموعی طور پر ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ رواں کاروباری ہفتے کے دوران بھی ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی تیزی کا رجحان برقرار ہے، کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 424 پوائنٹس کا اضافہ ہوگیا جس سے انڈیکس58622 پوائنٹس پرٹریڈ کر رہا ہے۔