امریکا نے سکھ رہنما کے قتل کا بھارتی منصوبہ ناکام بنا دیا۔
فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے لکھا کہ امریکی حکام نے اپنی سرزمین پر ایک سکھ علیحدگی پسند کو قتل کرنے کی سازش کو ناکام بنا دیا اور نئی دہلی کے اس منصوبے میں ملوث ہونے کے خدشات پر انڈیا کو انتباہ جاری کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع نے یہ نہیں بتایا کہ آیا انڈیا سے امریکی احتجاج کے نتیجے میں سازش کرنے والوں نے اپنا منصوبہ ترک کیا یا اسے ایف بی آئی نے ناکام بنایا۔
اخبار نے بتایا کہ گرپتونت سنگھ پنون نامی شخص کو ہدف بنانے کا منصوبہ تھا، جن کے خلاف انڈیا کی ایجنسی را نے پیر کو مقدمہ درج کیا تھا کہ پنون نے رواں ماہ سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ویڈیو پیغامات میں ایئر انڈیا کے مسافروں کو متنبہ کیا تھا کہ ان کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب دو ماہ قبل کینیڈا نے کہا تھا کہ وینکوور کے مضافاتی علاقے میں سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے جون میں ہونے والے قتل میں انڈین ایجنٹوں کے ملوث ہونے کے 'قابل اعتماد' شواہد موجود ہیں۔