امریکا نے سفری پابندیوں کی فہرست 30 ممالک تک بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔
امریکی سیکرٹری داخلہ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ مزید کن ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی جائیں۔ امریکا نے واشنگٹن حملے کے بعد 19ممالک کے باشندوں پرسفری پابندی لگائی تھی۔
ٹرمپ انتظامیہ نے قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے خدشات کی بنیاد پر 19 غیر یورپی ممالک سے آنے والے تارکین وطن کی تمام امیگریشن درخواستیں روک دی تھیں۔ ان میں گرین کارڈ اور امریکی شہریت کی کارروائی بھی شامل تھی۔
جون میں جن 19 ملکوں پر پہلے ہی جزوی سفری پابندیاں عائد تھیں، ان پر نئی پابندیوں کی سختیاں نافذ کی گئیں۔ ان ممالک میں افغانستان، برما، چاڈ، جمہوریہ کانگو، استوائی گنی، اریٹریا، ہیٹی، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل ہیں، جن پر امریکا میں داخلے پر مکمل پابندی تک نافذ کی گئی۔
اسی طرح دیگر ممالک جنہیں جون میں جزوی پابندیوں کا سامنا تھا، ان میں برونڈی، کیوبا، لاؤس، سیرالیون، ٹوگو، ترکمانستان اور وینیزویلا شامل ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق صورتحال کا جائزہ جاری ہے اور فہرست میں مزید ممالک شامل کیے جانے کا امکان ہے۔






















