حکومتِ پنجاب نے صوبے میں صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ستھرا پنجاب پروگرام کو باقاعدہ قانونی شکل دے دی اور اس سلسلے میں ستھرا پنجاب اتھارٹی قائم کردی گئی ہے۔
اتھارٹی صوبے بھر میں صفائی ستھرائی کے اقدامات کی نگرانی، بہتر منصوبہ بندی اور عمل درآمد کی ذمہ دار ہوگی۔ حکام کے مطابق اتھارٹی اپنا علیحدہ میکنزم تیار کرے گی جبکہ کوڑے کرکٹ سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا۔
صوبائی حکومت کے فیصلے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اتھارٹی کی چیئرپرسن ہوں گی جبکہ وزیر بلدیات اتھارٹی کے وائس چیئرپرسن مقرر کیے گئے ہیں۔
مزید برآں ہر ضلع میں ستھرا پنجاب ایجنسی بھی بنائی جائے گی جس کے چیئرپرسن ڈپٹی کمشنر ہوں گے، جو ضلعی سطح پر صفائی کے تمام کاموں کی نگرانی کریں گے۔






















