سری لنکا نے سہ ملکی سیریز کے چھٹے میچ میں پاکستان کو 6 رنز سے شکست دیتے ہوئے ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں جگہ بنا لی، فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہفتے کے روز کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ٹیم سری لنکا کی جانب سے دیئے گئے 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقرر ہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنا سکی اور 6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کی جانب سے سلمان آغا 63 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عثمان خان نے 33، صائم ایوب اور محمد نواز نے 27، 27 رنز کی اننگز کھیلیں ، بابراعظم صفر پر پولین لوٹے ۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے جس میں کامل مشرا نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کوشل پریرانے 40، لیانگے نے 24 اور شناکا نے 17 رنز بنائے ۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 2 ، سلمان مرزا اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
میچ میں کامیابی سری لنکا کو براہ راست فائنل میں پہنچا دے گی، جبکہ اگر سری لنکن ٹیم میچ ہار گئی تو بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر زمبابوے فائنل میں جگہ بنائے گا۔
قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس کے مطابق نسیم شاہ اور عثمان طارق کی جگہ ابرار احمد اور سلمان مرزا کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
قومی ٹیم کے کھلاڑی سلمان آغا نے بتایا کہ ٹیم اس میچ کے لیے بھرپور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔





















