سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ آئینی عدالت کے بائیکاٹ پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ پارٹی میں مشاورت کریں گے۔
سلمان اکرم راجا نے آئینی عدالت پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اس عدالت کو ہم نہیں مانتے، بانی پی ٹی آئی کی قید تنہائی کے حوالے سے درخواست بھی لگنی ہے۔ پیش ہونے کا فیصلہ ابھی ہونا ہے۔
قبل ازیں وفاقی آئینی عدالت میں انتخانی تنازعات اور ٹریبونلز کی تشکیل کے کیس کی سماعت کے دوران سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے پیش ہو کر کہا کہ ابھی آئینی عدالت کے بائیکاٹ کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ البتہ دوران سماعت ان کے وکیل نے وفاقی آئینی عدالت پر اعتراض کر دیا۔
دوران سماست سمیر کھوسہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت کی خودمختاری اور حیثیت پر سوالات ہیں۔ اپنی رائے سے متعلق اپنے مؤکل سلمان اکرم راجہ کو آگاہ کردیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ میرے مؤکل مجھے وکیل رکھنا چاہتے ہیں یا نہیں۔
بینچ سربراہ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ اعتراض کرنا آپ کا قانونی حق ہے۔ بینچ تشکیل پر بھی قانونی سوالات اٹھائے گئے ہیں کہ سپریم کورٹ کے لارجر بینچ کے فیصلے کیخلاف وفاقی آئینی عدالت کا چھوٹا بینچ اپیل سن سکتا ہے یا نہیں؟ قانونی سوال پر فریقین کے دلائل سن کر اصول طے کریں گے۔ عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔






















