بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست میں پیش رفت ہوئی ہے۔ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے آپریٹ ہونے کا تاثر مسترد کر دیا۔ جواب میں واضح کیا کہ بانی کا ایکس اکاؤنٹ باہر سے ہی کوئی آپریٹ کر رہا ہے۔
جیل سپرنٹنڈنٹ نے عدالت میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں سخت سرویلنس میں ہیں۔بانی اور ان پر تعینات اسٹاف کو مستقل سرچ کیا جاتا ہے۔ ان کے پاس موبائل فون یا کوئی ممنوعہ چیز موجود نہیں۔ جیل کے اندر موبائل فون سگنلز کے جیمر بھی نصب ہیں۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ جیل رولز کے تحت بانی پی ٹی آئی کو موبائل یا انٹرنیٹ کے استعمال کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہیں صرف وہی سہولیات دستیاب ہیں جو جیل رولز یا عدالتی احکامات کے تحت دی جا سکتی ہیں۔ جیل رول دو سو پینسٹھ کے تحت سیاسی گفتگو بھی منع ہے مگر جیل ٹرائل کے دوران بانی پی ٹی آئی کی فیملی اور وکلا ملاقات کرتے ہیں اور ان سے سیاسی گفتگو کرتے ہیں۔






















