راولپنڈی میں لڑکی پر تشدد اور بال کاٹنے کے واقعہ پر پولیس کا موقف بھی سامنے آ گیاہے ، حکام کا کہناہے کہ متاثرہ لڑکی نے تاحال کوئی تحریری شکایت درج نہیں کروائی، پولیس نے خود متاثرہ لڑکی سے رابطہ کر لیاہے ۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی اپنا بیان ریکارڈ کروائے گی ، بیان کے مطابق متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کیا جائے گا، ویڈیو بیان کے مطابق علاقہ تین تھانوں کی حدود میں آتا ہے ۔
متاثرہ لڑکی کا ویڈیو بیان سامنے آیا تھا جس میں متاثرہ لڑکی کا کہناتھا کہ میرا نام ایمان ہے،ڈیڑھ مہینے پہلے میرے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا ہے، ثناء نام کی لڑکی اور ارمان نام کا لڑکا مجھے اپنے فلیٹ مصریال روڈ پر لے گئے، انہوں نے مجھےمارا،میرے بال کاٹے اور میری ویڈیو بھی بنائی۔
لڑکی کا کہناتھا کہ بعد میں مجھے بحریہ ٹاؤن میں کسی فلیٹ یا اسپاء میں لے کر گئے، بحریہ ٹاؤن میں بھی مجھے پستول سے دھمکایا اور ویڈیو بھی بنائی، مصریال روڈ پر ارمان درانی،مٹھو اور چوتھے کا نام یاد نہیں، وہ 4لوگ تھے، میری ویڈیووائرل کی گئی ہے،میں ان کیخلاف کاروائی چاہتی ہوں۔






















