الیکشن کمیشن نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو کل طلب کرلیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی گزشتہ روزحویلیاں جلسے میں شرکت اور انتخابی عملے کو مبینہ دھمکیوں کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی زیرصدارت الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سہیل آفریدی کی مبینہ دھمکی کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی لیگل ٹیم کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر کل طلب کرلیا، اجلاس میں سہیل آفریدی کے حویلیاں جلسے میں اشتعال انگیز تقریر پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور انتخابی عملے کے خلاف سخت زبان استعمال کی، وزیراعلیٰ کا انتخابی مہم میں حصہ لینا الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی ہے۔ الیکشن کمیشن کی صوبائی الیکشن کمشنر کو آئی جی کے ساتھ ہنگامی میٹنگ کی ہدایت بھی کردی گئی۔
الیکشن کمیشن نے 23 نومبر کو پولنگ کے روز فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی مانگ لی۔ الیکشن کمیشن نے فوج کی تعیناتی کے لیے سیکرٹری دفاع کو خط لکھا۔ الیکشن کمیشن حکام نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے جلسے میں اشتعال انگیز تقاریر پر تشویش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ حویلیاں جلسے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں کچھ بڑا ہونے والا ہے۔ ہری پور میں تیئس نومبر کو ووٹ تبدیل کرنے والے صبح کی روشنی نہیں دیکھیں گے۔ شکوہ کیا کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے باوجود ایک منتخب وزیراعلیٰ کو اپنے لیڈر سے ملنے نہیں دیا جارہا۔ اب ایک ہی راستہ بچتا ہے اور ہم اُس کو ضرور اپنائیں گے۔ اگر دیوار سے لگایا گیا تو ہم ببرشیر ہیں۔ پنجہ ماریں گئے اور شکار بھی کریں گے۔





















