چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہاہے کہ سپریم کورٹ کے دو ججز نے استعفی دے دیا ہے ، تحریک انصاف کی کوشش ہے کہ جمہوریت چلے، لیکن جو حالات ہیں اس سے ملک و قوم میں انتشار پیدا ہوگا۔ اسد قیصر کہتے ہیں پوری عدلیہ کو جسٹس منصور اور جسٹس اطہر من اللہ کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹرگوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان رہ گیا لیکن چیف جسٹس نہیں رہا۔ چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں حلف نہیں لیا، ہم اس اقدام کی شدید مذمت کرتےہیں۔ اس طرح تو تحریکیں شروع ہوتی ہیں ۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چھبیسویں اورستائیسویں آئینی ترمیم میں بہت فرق ہے۔ ہم ہر حال میں عدلیہ کو محفوظ کریں گے ان کا ساتھ دیں گے۔ اگر ترمیم کرنی بھی ہےتواداروں کی آزادی اور لوگوں کی مرضی سےہونی چاہیے ۔ ہم نے پہلے بھی احتجاج کیا اب بھی کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ فارغ ہوگئی، استعفیٰ دینے والے دونوں ججزنے جرات کا مظاہرہ کیا، قوم کو ان کی قربانیوں کونظرانداز نہیں کرنا چاہیے، آج دوبجے اجلاس بلالیا ہے اپنا اگلہ لائحہ عمل دیں گے۔ لیڈرشپ فیصلہ کرے گی کہ ہم نے آگے کیسے بڑھنا ہے۔






















