نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کا بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ مکمل ہو گیا، جس دوران باہمی دفاعی تعاون اور سمندری سلامتی کے فروغ پر اعلیٰ سطح ملاقاتیں ہوئیں، خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ مکمل کرلیا۔ دورے کے دوران انہوں نے بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل وکرالزمان سے ملاقات کی۔ ایڈمرل نوید اشرف نے بنگلہ دیش کی بحری اور فضائی افواج کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سمندری سلامتی اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ نیول چیف نے نیشنل ڈیفنس کالج بنگلہ دیش کا بھی دورہ کیا۔
دورے کے دوران پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف چٹاگانگ بندرگاہ پر موجود رہا، جہاں ایڈمرل نوید اشرف کی جانب سے استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔ بنگلہ دیشی نیول چیف، پاکستانی ہائی کمشنر، غیر ملکی سفارتکاروں اور دیگر حکام نے تقریب میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بحری تعلقات کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔






















