اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس دھماکے میں افغان شہری کے ملوث ہونے کی تصدیق کے بعد راولپنڈی میں افغان باشندوں کے خلاف سرچ آپریشن تیز کر دیا گیا ، نیو ٹاؤن پولیس نے 22 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا، دوسری جانب افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ صرف ایک روز میں 11 ہزار سے زائد افغان شہری قانونی طریقہ کار کے تحت واپس بھیج دئیے گئے۔
تھانہ نیو ٹاؤن راولپنڈی پولیس نے کارروائی کے دوران 22 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا جن میں چھ مرد، دس خواتین اور چھ بچے شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار افغان باشندوں کا تعلق کابل، جلال آباد اور تغاب سے ہے۔ سرچ آپریشن فیض آباد، کٹاریاں اور پنڈورہ کے اطراف کیا گیا۔ گرفتار افغان باشندے غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے۔ تمام گرفتار افراد کو تھانہ نیو ٹاؤن منتقل کردیا گیا ہے، جہاں قانونی کارروائی کے بعد انہیں کیمپ منتقل کیا جائے گا۔دوسری جانب پاکستان سے افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی بھی تیزی سے جاری ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں گیارہ ہزار چھ سو افغان شہری اپنے وطن واپس لوٹے۔ اب تک مجموعی طور پر سولہ لاکھ چھیانوے ہزار افغان مہاجرین کی واپسی مکمل ہو چکی ہے۔ افغانستان روانگی سے قبل ہر شخص کے دستاویزات کی تصدیق کی جاتی ہے تاکہ سرحدی عمل شفاف اور محفوظ رہے۔ یہ عمل مکمل طور پر قانونی طریقہ کار کے تحت کیا جا رہا ہے۔ واپسی کے عمل میں ایف سی اور سول انتظامیہ کی جانب سے مہاجرین کے لیے رہائش، خوراک اور دیگر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔






















