مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین کو نظر آرہا ہے کہ اگلا وزیراعظم نواز شریف ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ جسے 3 بار وزارت عظمیٰ سے ہٹایا گیا کہ وہ لاڈلا ہے۔ جھوٹے کیسزبناو، بیٹیوں کو گرفتار کرو،کیا یہ لاڈلہ پن ہے۔
لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ شہباز شریف ایک بار پھر سرخرو ہوگئے۔ مخالفین ایک روپے کی کرپشن ثابت نہ کرسکے۔ مخالفین آج لوگوں کا سامنا نہیں کر پا رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری کا بیان بہت اہم ہے، آصف زرداری نے کہا ہے کہ وہ شفاف الیکشن ہوتا دیکھ رہے ہیں، آصف زرداری نے کہا کہ انہیں الیکشن کمیشن پر یقین ہے۔
واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے آج ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات اپنے وقت پر ہونے چاہییں۔ ملک شفاف انتخابات کی طرف جا رہا ہے اور پیپلز پارٹی اس کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے وہ شفاف الیکشن کرائے گا۔