علیمہ خان 26 نومبر احتجاج کیس میں ایک بار پھر انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش نہ ہوئیں ۔ عدالت نے ملزمہ کے پہلے سے جاری بلاضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ۔
کیس کی سماعت کے دوران ملزمہ علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست موصول ہوئی نہ ہی اُن کےوکیل پیش ہوئے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ۔
ڈی جی نادرا اور ڈی جی پاسپورٹ سے ملزمہ کا قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی طلب کرلی ۔ اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے گورنر اسٹیٹ بینک سے ملزمہ کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی تعمیلی رپورٹ بھی مانگ لی۔
استغاثہ کے 5 گواہ شہادت قلمبند کروانے کے لئےعدالت میں موجود تھے۔ علیمہ خان کے سوا دیگر 10 ملزمان عدالت حاضر ہوئے جنہیں حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیدی گئی ۔ کیس کی مزید سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔






















