پولیس نے جھنگ میں مسلم لیگ کے مقامی رہنما افضل بھروانہ پر نامعلوم افراد کی جانب سے تشدد کا مقدمہ درج کرکے 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطاق جھنگ کے علاقہ فیصل آباد روڈ پر لیگی کارکن افضل بھروانہ پر نامعلوم افراد کے تشدد کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو پولیس حرکت میں آگئی، واقعہ کی تحقیقات کےلئے مقدمہ درج کیا اور اصل حقائق سامنے لے آئی۔
پولیس تفتیش کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں جبکہ لیگی کارکن افضل بھروانہ کی جانب سے بھی تھانہ کوتوالی میں ڈکیتی کا مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں جھنگ میں نامعلوم افراد سابق چیئرمین یونین کونسل مہر افضل بھروانہ کو سرعام تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا جاسکتا ہے، مہر افضل بھروانہ کو دو موٹر سائیکلوں پر سوار 6 افراد نے گاڑی سے نکال کر ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔
واقعے کی اطلاع کے بعد پولیس نے تھانہ کوتوالی میں 6 نامعلوم افراد کے خلاف ڈکیتی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان ایک لاکھ 50 ہزار روپے نقدی اور کارڈز بھی اپنے ساتھ لے گئے۔