خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر بارودی مواد کا دھماکے میں ایس پی سمیت 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈی ایس پی امجد حسین کا کہنا ہے کہ بلیامینہ میں غلمینہ چیک پوسٹ خالی تھی، خالی چیک پوسٹ کو دہشت گردوں نے دھماکے سے اڑایا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی آپریشن اسد زبیر پارٹی سمیت پہنچ گئے۔ بلیامینہ کے مقام پر دوسرا بارودی مواد کا دھماکا ہوا،جس کا شکار ایس پی اور پولیس اہلکار ہوئے۔
ڈی پی او ہنگو خان زیب خان کے مطابق گزشتہ ایک مہینے سے ایس پی اسد زبیر خوارج کے خلاف آپریشن میں سرگرم تھے اور خوارج کو علاقہ بدر کرنے میں بہترین رول ادا کیا، جس پر افسران بالہ کی جانب سے انہیں تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔
شہید ایس پی اسد زبیرکا تعلق کوہاٹ کے علاقے نوے کلے سے ہے، شہید ایس پی اسد زبیرایم این اےشہریارآفریدی کے کزن ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ایس پی آپریشن اسد زبیرسمیت 3پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
دوسری جانب خیبر میں دہشت گردوں نے زیڑئی پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا تاہم چیک پوسٹ رات کو خالی کیا جاتاہے اسلئے جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے شدید فائرنگ بھی کی۔ چیک پوسٹ تھانہ حدود لنڈیکوتل میں پاک افغان شاہراہ پر واقع ہے۔






















