وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی کیلئے روابط بہتر بنانا ہوں گے۔ ٹرانسپورٹ اور کنیکٹویٹی اقتصادی ترقی کا ستون ہے۔
اسلام آباد میں دو روزہ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کے آغاز پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے افتتاحی کلمات میں شرکا کو خوش آمدید کہا اور کانفرنس کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔
افتتاحی سیشن سے خطاب میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اور کنیکٹویٹی اقتصادی ترقی کا ستون ہے، اسمارٹ ٹرانسپورٹ حل مشترکہ خوشحالی کیلئے ضروری ہے، پاکستان اس حوالے سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ جدید ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک بہت مفید ثابت ہورہی ہے، کانفرنس کے شرکاء تجارت کے فروغ کیلئے ایک دوسرے کے تجربات شیئر کریں، باہمی تعاون سے نہ صرف خطے کی معیشتوں بلکہ لوگوں کو بھی فائدہ ہوگا، ہم تمام ممالک مشترکہ وژن کے ساتھ متحد ہیں۔
خیال رہے کہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں سعودی عرب ، ترکیہ ، آذربائیجان ، ازبکستان اور قازقستان کے وزرائے ٹرانسپورٹ شریک ہیں۔ ایران ، بیلاروس ، ترکمانستان، سری لنکا اور مالدیپ کے وزرا بھی موجود ہیں ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک، اقتصادی تعاون تنظیم کے ساتھ آئی آر یو اور یو این ایس جی کے مندوبین بھی شریک ہیں۔ ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کے موقع پر عوام کیلئے ایکسپو کا بھی انعقاد ہو گا۔
ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کا مقصد خطے میں زمینی ، بحری اور فضائی روابط کو فروغ دینا ، تجارتی راہداریوں کی تعمیر اور باہمی تعلقات کو وسعت دینا ہے۔






















