نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان ریجنل کنیکٹویٹی کا مرکز ہے۔ پاکستان کاسا 1000 منصوبے پر عمل درآمد کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان جنوبی ایشیا اوروسطیٰ ایشیا کے درمیان رابطے کاذریعہ ہے۔
اسلام آباد میں ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس سے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں پہلی ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹر کانفرنس میں سب کا خیرمقدم کرتے ہیں، وفاقی وزیر مواصلات اور ان کی ٹیم نے انتھک محنت سے کانفرنس کا انعقاد کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ریجنل کنیکٹویٹی کا مرکز ہے، سی پیک کا انرجی انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ اور تجارت میں کلیدی کردار ہے، پاکستان پورٹس اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو بہتر بنا رہا ہے۔ پاکستان کاسا 1000 منصوبے پر عمل درآمد کیلئے پرعزم ہے، پاکستان بجلی کے علاقائی منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے بھی تیار ہے۔ پاکستان کراس بارڈر سہولیات میں معاونت کیلئے تیار ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ علاقائی راہداریاں ترقی کی راہ ہموار کریں گی، 2 روزہ کانفرنس کے مفید نتائج برآمد ہونے کیلئے پُرامید ہیں، پاکستان علاقائی روابط بڑھانےمیں کرداراداکررہاہے۔ حکومت ریل اور روڈنیٹ ورکس کوترجیحی بنیادوں پر فروغ دےرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت روڈ منصوبے رابطوں کے حوالے سے اہم ہیں، پاکستان اورازبکستان کے درمیان ریلوےنیٹ ورک کامنصوبہ ہے۔ پاکستان جنوبی ایشیا اوروسطیٰ ایشیا کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ ہم اپنی بندرگاہوں کوبھی جدیدخطوط پراستوار کررہےہیں، ہم ای ٹرانسپورٹ کے منصوبے پر بھی کام کررہےہیں۔ رابطے تجارت ہی نہیں اعتماد سازی کابھی اہم ذریعہ ہیں۔
قبل ازیں اسلام آباد میں دو روزہ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کے آغاز پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے افتتاحی کلمات میں شرکا کو خوش آمدید کہا اور کانفرنس کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ ، خزانہ ، ریلویز ، تجارت ، بحری امور کے وفاقی وزرا افتتاحی اجلاس میں شریک ہوئے ۔
دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں سعودی عرب ، ترکیہ ، آذربائیجان ، ازبکستان اور قازقستان کے وزرائے ٹرانسپورٹ شریک ہیں۔ ایران ، بیلاروس ، ترکمانستان، سری لنکا اور مالدیپ کے وزرا بھی موجود ہیں ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک، اقتصادی تعاون تنظیم کے ساتھ آئی آر یو اور یو این ایس جی کے مندوبین بھی شریک ہیں۔ ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کے موقع پر عوام کیلئے ایکسپو کا بھی انعقاد ہو گا۔






















