قومی کرکٹر صہیب مقصود کے ساتھ مبینہ فراڈ کا واقعہ سامنے آیا ہے، کرکٹر نے الزام عائد کیا ہے کہ کار شوروم مالکان نے 1 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی کے بدلے 70 لاکھ روپے کی بوگس کاغذات والی گاڑی دی۔
صہیب مقصود نے معاملے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شوروم مالکان نے انہیں جعلی دستاویزات والی گاڑی تھما دی۔
ان کی ٹویٹ کے بعد آر پی او اور سی پی او ملتان نے فوری ایکشن لیا اور صہیب مقصود کو انصاف کی یقین دہانی کرائی۔
قومی کرکٹر نے آر پی او سے ملاقات بھی کی، جس میں افسران نے معاملہ جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
سی پی او ملتان نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی اسٹار کے ساتھ فراڈ برداشت نہیں کیا جائے گا، اس معاملے پر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔






















