پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد یوسف کو پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا، ان کا پہلا اسائنمنٹ 8 سے 17 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونیوالا انڈر 19 ایشیاء کپ اور 13 جنوری سے 4 فروری تک سری لنکا میں ہونیوالا انڈر 19 ورلڈ کپ ہوگا۔
پی سی بی نے پاکستان کے مایہ ناز بیٹر محمد یوسف کو ورلڈ کپ 2024ء تک پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔ سابق مڈل آرڈر بیٹر محمد یوسف اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری نبھاچکے ہیں۔
محمد یوسف کا انڈر 19 ہیڈ کوچ کا عہدے ملنے پر کہنا ہے کہ وہ یہ ذمہ داری سونپے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کے شکر گزار ہیں، یہ ان کیلئے باعث اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ انڈر 19 ایشیاء کپ اور انڈر 19 ورلڈ کپ میں اپنی ذمہ داری نبھانے کے منتظر ہیں، یہ دونوں ٹورنامنٹس کھلاڑیوں کے آگے بڑھنے کیلئے اہم ہیں اور امید ہے کہ ہم ان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔
محمد یوسف کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی سینئر ٹیم کے ساتھ کام کرچکے ہیں لہٰذا وہ اپنا تجربہ انڈر 19 سیٹ اپ میں بھی بروئے کار لائیں گے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو ایسا ماحول فراہم کیا جاسکے کہ وہ انٹرنیشنل لیول تک بڑھ سکیں۔
سابق مڈل آرڈر بیٹر نے مزید کہا کہ نوجوان کرکٹرز کی مہارت کا درست استعمال پاکستان کی کرکٹ کیلئے بہت ضروری ہے لہٰذا وہ اس بات کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں کہ مستقبل کے اسٹارز کی شناخت ان میں بہتری اور انہیں مستقبل کیلئے تیار کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
محمد یوسف کا شمار پاکستان کے چند کامیاب ترین بیٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے 1998ء سے 2010ء تک اپنے کیریئر میں 7 ہزار 530 ٹیسٹ رنز اور 9 ہزار 720 ون ڈے رنز اسکور کئے، انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک کیلنڈر سال (2006ء) میں سب سے زیادہ 1788 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔