وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کے معاملے پر اپوزیشن کا پشاورہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق مشاورت کیلئے اپوزیشن اراکین کو اجلاس سے قبل اسمبلی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، عدالت جانے سے متعلق حتمی فیصلہ مشاورتی اجلاس میں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے پٹیشن گزشتہ روز ہی تیار کرلی تھی، ن لیگ کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی جاسکتی ہے۔
قبل ازیں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے استعفوں پر اعتراض اٹھا دیا ہے۔ گورنر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے مبینہ دو استعفے موصول ہوئے۔ جس میں کیے گئے دستظ میں مشابہت نہیں رکھتے۔ اس وقت میں پشاور سے باہر ہوں لہذا وزیر اعلی 15 اکتوبر دوپہر تین بجے گورنر ہاوس آجائے تاکہ مبینہ استفعوں کی آئین کے مطابق تصدیق ہوسکے۔
دوسری جانب علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور نہ ہوا لیکن خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے میدان سج گیا۔ پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی، جے یو آئی کے مولانا لطف الرحمان، پیپلز پارٹی کے ارباب زرک اور ن لیگ کے شاہجہاں یوسف کے کاغذات منظور ہوگئے۔






















