وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ 50 سال سے ہماری سرزمین پہ بیٹھے افغان مہاجرین کو وطن واپس جانا ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں وزیردفاع نے کہا کہ ہمیں اپنی معیشت کو افغان مہاجرین کے قبضےسے چھڑانا ہوگا، تنوروں سے لیکر ٹرانسپورٹ، ٹھیکیداری، ڈمپرمافیا اور تعمیراتی شعبہ ہماری معیشت کی بنیاد ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا میں جیسے سرحدیں ہوتی ہیں پاک افغان سرحد ایسےہی ہونی چاہئے تاکہ کوئی بھی منہ اٹھا کہ اپنی مرضی سے سرحد عبور نہ کرسکے۔
قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی شرانگیزی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہمیں ڈیفائن تعلقات کے فیز میں آنا ہوگا،چاہتے ہیں انکی اور ہماری طرف سے سرحدوں کا احترام ہو۔ اگر سرحدوں کا احترام نہ کیاگیا تو یہ سلسلہ چلتا رہے گا،پھر ہمیں بھی دراندازی کامنہ توڑ جواب دینا پڑے گا۔
وزیردفاع نے مزید کہا کہ افغانستان کو متعدد باربتایا گیا لیکن کوئی مؤثر اقدام نہ ہوا، افغانستان دراندازی روکنے کی ضمانت دینے کو تیار نہیں تھا۔ ہندوستان کی شمولیت کے بعد یہ ٹرائی اینگل بن گیا ہے، ہمارے لیے اس صورتحال کا سدباب ضروری ہوگیا ہے، گزشتہ رات ہم نے اس صورتحال کا سدباب کیا۔






















