وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں، ہراشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پاک افغان سرحد کے قریب بلااشتعال حملے کے جواب میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کامیابی سے نشانہ بنانے پر پاک افواج کو خراج تحسین جبکہ جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 23 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے، پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں،ہراشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، پاک فوج نے ہمیشہ ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پوری قوم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے کئی دفعہ افغانستان کو فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی معلومات دیں، یہ دہشت گرد افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں، دہشت گرد تنظیموں کو افغانستان میں موجود عناصر کی حمایت حاصل ہے۔ توقع ہے افغان نگران حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے گی۔
قبل ازیں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ 11 اور 12اکتوبر کی رات پاک افغان سرحد کے قریب افغان طالبان اور بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کی جانب سے حملہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے پاک فوج کی جانب سے سرحد پر بزدلانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دیا گیا، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 21افغان پوزیشنز پر عارضی طور پر قبضہ کرلیا گیا اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے مراکز کو ناکارہ بنا دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 23سپوت شہید جبکہ 29زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کی جانب سے سرحد پر بزدلانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ پاک فوج کی جانب سے مؤثر جواب کے نتیجے میں 200 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔





















