ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے افغانستان میں ایئر سٹرائیکس سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کے جان ومال کی حفاظت اور پاکستان کی سالمیت کیلئے جو بھی ضروری ہے وہ ہم کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے ، اس میں ہمیں کوئی شک نہیں ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہناتھاکہ افغانستان میں سٹرائیک پر میڈیا ، سوشل میڈیا اور افغانستان کے ترجمان کا بھی بیان آیاہے، وہ ہمارا بھائی ہمسایہ ملک ہے، پاکستان نے 4 دہائیوں سے زیادہ افغانیوں کی مہمان نوازی کی ہے ، ہم افغان حکومت سے ایک بات کرتے ہیں کہ آپ برائے مہربانی اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دیں، ہماری ان کے ساتھ تجارت ہے ، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ ہو تی ہے ، وہاں سے علاج کیلئے لوگ یہاں آتے ہیں، ہم جائز بات کرتے ہیں کہ آپ نے اپنی زمین کو دہشتگردوں کی آماجگاہ نہیں بننے دینا ہے، یہ کہنا غلط ہے ؟ یہ درست ہے ، یہ ہمارا حق ہے ، اس پر ہم ان سے بات چیت بھی کرتے ہیں، ہمارے وزیر خارجہ اور زیر دفاع کابل گئے ، مختلف فورمز پر بات ہوتی ہے ۔انہیں بتایا جاتاہے کہ خارجی کہاں چھپے ہوئے ہیں ، پاکستان کے عوام کے جان ومال کی حفاظت اور پاکستان کی سالمیت کیلئے جو بھی ضروری ہے وہ ہم کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔اس میں ہمیں کوئی شک نہیں ہے ۔






















