اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری سے متعلق درخواستوں پر سندھ ہائی کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ جامعہ کراچی نے طارق محمود کا ایل ایل بی انرولمنٹ منسوخ کردیا۔
جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں قائم سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ تمام درخواستوں کوعدم پیروی کی بنیاد پر خارج کیا جاتا ہے۔ تحریری فیصلے کے مطابق درخواستگزاروں کے وکلا نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل سے انکار کیا، اور دوران سماعت کمرہ عدالت چھوڑ کر چلے گئے۔
جسٹس کے کے آغا نے فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار اور فریق نے جان بوجھ کر سماعت سے انکارکیا اور واک آوٹ کیا۔ دانستہ عدم دلچسپی کی بنیاد پرعدالتی کارروائی کو نقصان پہنچایا گیا۔ اعلیٰ عدالتوں کے پاس عدم پیروی یاعدم تعمیل پر درخواستوں کو مسترد کرنے کا اختیارہے ۔ عدالت کارروائی کو خود ریگولیٹ کرے گی، وکلا کی خواہش کے سامنے یرغمال نہیں بننے دیا جائے گا۔
دوسری جانب جامعہ کراچی نے طارق محمود کا ایل ایل بی انرولمنٹ منسوخ کردیا، جامعہ کراچی کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ طارق محمود ناجائز ذرائع استعمال کرنے کے مرتکب پائے گئے۔ اُن پر تین سال تک یونیورسٹی۔ کالج میں داخلہ لینے پر پابندی ہوگی۔ وہ کسی بھی یونیورسٹی ڈگری امتحان میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق طارق محمود کبھی بھی اسلامیہ لاء کالج کراچی کے طالب علم نہیں رہے۔ اسسٹنٹ رجسٹرار سیٹلمنٹ نے ان کا ایل ایل بی انرولمنٹ نمبر منسوخ کیا۔






















