نسیم شاہ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے راہیں جدا کرلیں۔ ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے فاسٹ بولر ڈرافٹنگ یا ٹریڈنگ میں جائیں گے۔
پاکستان ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے پاکستان سپر لیگ سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے آئندہ سیزن کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے راہیں جدا کرلیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، یہ فیصلہ انہوں نے ذاتی وجوہات کی بناء پر کیا ہے، نسیم شاہ 2019ء میں پہلی مرتبہ پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بنے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ پی ایس ایل 9 کیلئے ڈرافٹنگ یا ٹریڈنگ میں جائیں گے، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی فاسٹ بولر کو اپنے ساتھ شامل کرنے کے خواہشمند ہیں، تاہم نسیم شاہ کے پشاور زلمی میں جانے کے امکانات زیادہ ہیں۔
واضح رہے کہ نسیم شاہ انجری کے باعث ورلڈ کپ 2023ء میں حصہ نہیں لے سکے تھے، وہ تاحال ری ہیب میں ہیں اور انجری سے چھٹکارا پانےکی کوششیں کررہے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ 9 فروری اور مارچ 2024ء میں کھیلا جائے گا تاہم اس کے وینیوز کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔