ملک میں بڑی صنعتوں کی کارکردگی میں بہتری آنا شروع ہوگئی۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں جولائی میں لارج اسکیل مینوفیچرنگ کی پیداوار میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گاڑیوں، ٹرانسپورٹ، فرنیچر اور ٹیکسٹائل سمیت متعدد صنتوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔ البتہ مشروبات، لوہے، اسٹیل، کیمکلز اور مشینری کی پیداوار میں کمی آئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان میں بڑی صنعتوں کی کارکردگی میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔ مالی سال کے پہلے ماہ گزشتہ سال کے مقابلے میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ پیداوار میں سالانہ 8.99 فیصد گروتھ ریکارڈ کی گئی۔
جون کے مقابلے جولائی میں پیداوار 2.60 فیصد تک بڑھ گئی۔ جولائی میں 15 سے زیادہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری آئی۔ خوراک، تمباکو، ٹیکسٹائل، ملبوسات، لیدر مصنوعات، پیپر بورڈ شامل ہیں۔ گاڑیوں، فرنیچر، ادویات، پیٹرولیم، ربڑ مصنوعات کی پیداوار بھی بڑھ گئی۔
نان منرل پروڈکٹس، کمپیوٹر، الیکٹرانکس، الیکٹریکل سیکٹر میں گروتھ رہی۔ ٹرانسپورٹ کے سامان، فرنیچر، فٹبال کی پیداوار میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جولائی میں گاڑیوں کی پیداوار میں 58 فیصد تک اضافہ ہوا۔ فرنیچر 87 فیصد، ٹرانسپورٹ 46 اور ٹیکسٹائل کی پیداوار میں 0.04 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ البتہ مشروبات، لکڑی، کیمکلز، کھاد، لوہے اسٹیل، مشینری کی پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی۔





















