وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بحرینی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے ملاقات کی اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ، جس دوران انسداد دہشت گردی اور امیگریشن میں باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
بحرینی ہم منصب کی وزارتِ داخلہ آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیر مقدم کیا، ملاقات میں پاک بحرین تعلقات، انسداد منشیات، انسداد دہشت گردی، کوسٹ گارڈز، بارڈر سیکیورٹی اور پولیس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی، باہمی تعاون مزید مستحکم بنانے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے اور مختلف مفاہمتی یادداشتوں کے حوالے سے اتفاق کیا گیا۔
یادداشتوں میں انسداد منشیات، قیدیوں کے تبادلے، ایم ایل ایز اور اہلکاروں کی تربیت کے معاہدے شامل ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انسداد منشیات آئندہ نسلوں کا معاملہ ہے، مشترکہ لائحہ عمل سے اس کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ اینٹی نارکوٹکس فورس محدود وسائل کے باوجود قابل ستائش کردار ادا کر رہی ہے۔ محسن نقوی نے بحرین کے سفارت خانے میں ڈرگ لائزن آفیسر کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا۔ بحرینی وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا ۔






















