ملک میں سیلاب سے پیدا صورت حال کے باعث مہنگائی بڑھنے لگی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی میں مسلسل دوسرے ہفتے اضافہ دیکھا گیا، گزشتہ ہفتے 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمت میں 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گندم کے آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 465 روپے مہنگا ہوگیا۔ 20 کلو کا تھیلا 2300 روپے کا ہوگیا۔ آٹے کے تھیلے کی اوسط قیمت 2294 روپے ریکارڈ کی گئی۔ مختلف شہروں میں آٹے کا تھیلا 2500 روپے تک پہنچ گیا۔
ٹماٹر کی قیمت میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ٹماٹر کی اوسط قیمت 205 روپے کلو رہی، بعض شہروں میں فی کلو قیمت 300 تک پہنچ گئی۔ پیاز 8.57 فیصد مہنگا، اوسط قیمت 80 روپے سے تجاوز کر گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق لہسن، آلو، دال مونگ، بریڈ، ایل پی جی، کپڑے بھی مہنگے ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق مہنگائی 1.29 فیصد اضافے سے سالانہ بنیاد پر 5.07 فیصد تک پہنچ گئی۔
زیرجائزہ عرصے کے دوران 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا، گزشتہ ہفتے کیلے، چینی، ڈیزل سمیت 4 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں۔






















