پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الزام تراشی اور رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ قائد ( ن ) لیگ نواز شریف اپنی جماعت پر بھروسہ کریں، انہیں دوسرے اداروں کو نہیں کہنا چاہیے کہ ان کے لیے جگہ بنائیں اور وہ اپنا فوکس پنجاب پر کریں۔
یہ بھی پڑھیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی میاں نواز شریف کو لاہور تک محدود رہنے کی تجویر
اس سے قبل بلاول بھٹو کی جانب سے یہ بیان بھی سامنے آیا تھا کہ ’ ملک کا اگلا وزیر اعظم سندھ سے ہوگا‘۔
بدھ کے روز کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلاول چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں ، ہم نے 16 ماہ اکٹھے کام کیا ہے اور ہمارے تعلقات اچھے تھے اور ہیں۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام جس کو وزیراعظم بنائیں گے اس کوقبول کریں گے اگر عوام نوازشریف کو وزیراعظم بنائیں گے تو قبول کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پختہ سیاست سب کوکرنی چاہیے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، 76 سال میں جو ہوا سب کے سامنے ہے رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا، ایک دوسرے کو مورد الزام ٹہرائیں یہ مناسب نہیں سب اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آج کوئٹہ میں نواب لشکری ریئسانی کوملنےآیاہوں، ہمارا ان سے 50 سالہ پرانا خاندانی تعلق ہے ، ہم نے مل کر بلوچستان کو حوشحال بنانا ہے اور ہم نے صوبے کے مسائل مل کر حل کرنے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں لشکری ریئسانی کو ( ن ) لیگ میں شامل ہونے کی دعوت دینے آیا ہوں ، ان کی شمولیت سے ہماری پارٹی کو تقویت ملےگی ، ان کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اصولی طور پر اعلان کیا کہ ن لیگ کی سیاست کاحصہ بنیں گے ، آئندہ چند روز میں مزید پیشرفت ہو جائے گی ، جعفر مندوخیل اور ایاز صادق بیٹھ کر ان سے معاملات طے کرلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بلوچستان سے کافی لوگوں نے مسلم لیگ ( ن ) میں شمولیت اختیار کی ہے اور میں اس حوالے سے کافی مطمئن ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں سمجھتاہوں کہ نوازشریف ایک سیاستدان نہیں بلکہ مدبر ہیں ، ان کی دوسرے صوبوں سے محبت ہے ، ان کا بلوچستان کی ترقی کے لیے وژن ہے، انکے دور میں بلوچستان میں بے شمار منصوبے بنے اور پی ٹی آئی حکومت میں ہونے والی تباہی سب کے سامنے ہے۔
اس موقع لشکر رئیسانی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا مشکور ہوں وہ ہمارے پاس آئے یہ ہمارے لیے اعزاز ہے ، ملک کو بحرانوں اور مسائل کا سامنا ہے جو پارلیمانی عمل سے بہتر ہوسکتے ہیں ، نوازشریف بہترین سیاستدان ہیں، وہ امید ہے مسائل کا حل جانتے ہوں گے ، ن لیگ میں شامل ہونے کا بہت جلد ہم فیصلہ کریں گے۔