وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہمارا اصلاحاتی پروگرام معیشت میں پائیدار استحکام لائے گا اور عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بیجنگ میں چین کے مرکزی بینک کے گورنر ڈاکٹر پان گونگ شینگ سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی معاشی کارکردگی اور اصلاحاتی پروگرام پر بریفنگ دی گئی اور مالی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
وزیر خزانہ نے انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا کے چیئرمین لیاؤلن سے بھی ملاقات کی اور ترقیاتی فنڈنگ و قرضوں کی ری فنانسنگ پر اظہار تشکر کیا۔
محمد اورنگزیب نے ہونگٹا سیکیورٹیز کے چیئرمین جنگ فینگ سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کی ہے اور موڈیز نے پاکستان کو سی اے اے ٹو سے بڑھا کر سی اے اے ون پر اپ گریڈ کیا جبکہ فچ اور ایس اینڈ پی نے بھی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی اور چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعلقات مزید فروغ پائیں گے اور پاک چین اقتصادی تعاون نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔




















