فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے ملاقات کرکے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا ہے۔ آرمی چیف نے چین کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے آرمی چیف سے ملاقات کی ہے، اس موقع پر علاقائی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر ہم آہنگی بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی خود مختاری اور ترقی کے لیے چین کی مستقل حمایت کا یقین دلایا۔ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے خطے میں امن۔ استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمرا وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔
اس سے قبل، چینی وزیر خارجہ نے ایوان صدر میں آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی جس میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔






















