پاکستان میں سیلاب سے ہونےوالے نقصانات پر برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اظہار افسوس کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھ دیا ہے جس میں مشکل وقت میں پاکستانی عوام سے یکجہتی کااظہار کیا ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال خط میں برطانوی ہم منصب کیئر اسٹارمر نے کہا کہ سیلاب سےبڑے پیمانے پر تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہوں، دلی ہمدردیاں تمام متاثرین کے ساتھ ہیں، کیئر اسٹارمر نے کہا برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی یہ صورتحال قابل تشویش ہے ۔۔ انتہائی نامساعد حالات میں لوگوں کی مدد کرنے پر رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ اس مشکل وقت میں تمام برطانوی عوام پاکستانیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔ کیئر اسٹارمر نے کہا یہ امر باعث اطمینان ہے کہ برطانوی حکومت نے پاکستان کی مدد کی ہے،آئندہ بھی بحالی اور تعمیر نو کے کاموں میں پاکستان کی ہر ممکن مددکے لیے تیار ہیں ۔






















