پاکستان نے گریٹر اسرائیل سے متعلق حالیہ اسرائیلی بیانات کو سختی سے مسترد کر دیا۔ واضح کیا کہ پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی آزاد فلسطینی ریاست کا حامی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیلی بیانات میں غزہ سے فلسطینیوں کی زبردستی بے دخلی کی طرف اشارہ کیا گیا۔ پاکستان اسرائیلی قابض طاقت کے حالیہ بیانات کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ عالمی برادری بھی ایسے اشتعال انگیز تصورات کو یکسر مسترد کرے، جو بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ایسے اشتعال انگیز تصورات غیر قانونی قبضے کو مستقل بنانے کے ارادے کی عکاسی کرتے ہیں اور خطے میں امن کی کوششوں کی توہین ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض طاقت کو مزید عدم استحکام پھیلانے سے روکے اور فلسطینیوں کے خلاف مظالم ختم کرانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ پاکستان نے 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔






















